ضلع اسپتال بانڈی پورہ میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی تعیناتی میں تاخیر پر مقامی لوگوں کا احتجاج

ضلع اسپتال بانڈی پورہ میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی تعیناتی میں تاخیر پر مقامی لوگوں کا احتجاج
-
لون سلیمان
بانڈی پورہ، 22 جولائی: ضلع اسپتال بانڈی پورہ میں نئے تعینات میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی جوینیگ میں تاخیر کے خلاف آج مقامی لوگوں نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے اسپتال کے باہر جمع ہوکر انتظامیہ کے خلاف شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔
مظاہرین کے مطابق سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی تبادلے اور نئے افسر کی تعیناتی کا حکم 28 جون کو جاری ہوا تھا، لیکن کئی ہفتے گزرنے کے باوجود نئے سپرنٹنڈنٹ نے تاحال چارج سنبھالا نہیں ہے۔
مظاہرین نے الزام لگایا کہ تاخیر کی ممکنہ وجہ نئے تعینات میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا اثر و رسوخ ہو سکتا ہے۔ ایک مقامی شہری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، “ہم نے سنا ہے کہ نئے سپرنٹنڈنٹ کافی بااثر شخصیت ہیں، اسی لیے وہ اب تک چارج لینے نہیں آئے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اسپتال میں مؤثر انتظامی نگرانی نہ ہونے کے باعث مریض روزانہ کی بنیاد پر مشکلات سے دوچار ہیں۔ ناقص انتظامات اور غیر ذمہ داری کی وجہ سے طبی سہولیات شدید متاثر ہو رہی ہیں۔
مظاہرین نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی فوری طور پر تعیناتی یقینی بنائی جائے تاکہ اسپتال کا نظام درست ہو سکے اور مریضوں کو درپیش مسائل کا ازالہ کیا جا سکے۔